امریکی اور جنوبی کوریا کے صدور کا دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے پر اتفاق

امریکہ اور جنوبی کوریا کے سربراہان نے، شمالی کوریا کے معاملے پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے جاپان کے ساتھ سہ فریقی تعاون کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔

وہائٹ ہاؤس نے بتایا کہ صدر جو بائیڈن نے بدھ کے روز مُن جے اِن سے گفتگو کی اور دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کے اپنے عزم پر زور دیا۔

گزشتہ ماہ جناب بائیڈن کے اقتدار میں آنے کے بعد دونوں رہنماؤں کی فون پر یہ پہلی گفتگو تھی۔

وہائٹ ہاؤس کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے شمالی کوریا کے معاملے پر قریبی رابطے پر اتفاق کیا۔ دونوں نے میانمار میں جمہوریت کی فوری بحالی کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔

جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر کے مطابق صدر مُن نے تجویز دی کہ جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے اور خطے میں پائیدار امن لانے کے لیے دونوں ممالک مشترکہ کوششیں کریں۔

صدارتی دفتر نے بتایا کہ جناب بائیڈن نے اس معاملے پر قریبی تعاون کا وعدہ کیا اور دونوں رہنماؤں نے، شمالی کوریا کے معاملے پر جامع حکمت عملی کی جلد تیاری کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

صدارتی دفتر نے مزید کہا کہ دونوں رہنماؤں نے خطے کے امن اور خوشحالی کے لیے جنوبی کوریا جاپان تعلقات میں بہتری اور جاپان کے ساتھ مل کر سہ فریقی تعاون مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔