جاپان اور برطانیہ کا سلامتی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

جاپان اور برطانیہ نے، چین کی بڑھتی ہوئی بحری سرگرمیوں کے تناظر میں، آزاد اور کھلے ہند بحرالکاہل خطے کے لیے تعاون مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

جاپان کے وزیر خارجہ موتیگی توشی مِتسُو اور وزیر دفاع کِشی نوبُواو نے اپنے برطانوی ہم منصبوں ڈومینیک راب اور بین ویلس کے ساتھ بدھ کے روز تقریباً دو گھنٹے تک آن لائن اجلاس کا انعقاد کیا۔ یہ دونوں ملکوں کے درمیان ’ٹو پلس ٹو‘ طرز کا چوتھا اجلاس تھا۔

چاروں وزراء نے، بحیرہ مشرقی چین اور بحیرہ جنوبی چین کی صورتحال سے متعلق خدشات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے، صورتحال کو تبدیل کرنے کے کسی بھی یکطرفہ اقدام کی سخت مخالفت پر اتفاق کیا۔

برطانوی جانب سے، رواں سال مشرقی ایشیا میں طیارہ بردار جہاز ’ایچ ایم ایس کوئین ایلزبتھ‘ بھیجنے کے ارادے کا اظہار کیا گیا۔ جاپان نے اس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ ہند بحرالکاہل خطے کی سلامتی میں کردار ادا کرے گا۔

وزراء نے جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز اور برطانوی مسلح افواج کی مشترکہ فوجی مشقوں کے انعقاد کے ذریعے دو طرفہ سلامتی تعاون مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیا۔