بھارت ویکسین کی ایک ارب 10 کروڑ خوراکیں کوویکس کو فراہم کرے گا

اقوام متحدہ کی معاونت سے قائم کردہ کوویکس فیسیلیٹی کا کہنا ہے کہ وہ کورونا وائرس ویکسینیوں کی ایک ارب 10 کروڑ خوراکوں کی فراہمی کیلئے بھارت کے سیرم انسٹیٹیوٹ کے ساتھ ایک سمجھوتے پر پہنچ گئی ہے۔

کوویکس فیسیلیٹی کے نام سے قائم اس اسکیم میں مجموعی طور پر 190 ممالک اور علاقہ جات حصہ لے رہے ہیں۔ عالمی ادارۂ صحت، یونیسیف اور دیگر بین الاقوامی ادارے اس اسکیم کو چلاتے ہیں جس کا مقصد کووِڈ 19 ویکسینوں کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا ہے۔

یونیسیف کی انتظامی ڈائریکٹر ہینریٹا فور نے بھارت کے سیرم انسٹیٹیوٹ کے ساتھ آسٹرازینیکا اور نوواویکس کی تیار کردہ ویکسینوں کی ایک ارب 10 کروڑ خوراکوں کی طویل مدتی فراہمی کے سمجھوتے کا بدھ کو اعلان کیا۔

اس ادارے نے آسٹرازینیکا اور نوواویکس کے ساتھ ان کی ویکسینوں کی بڑی مقدار کی پیداوار کیلئے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

کوویکس سال کے اختتام تک دنیا بھر میں ویکسینوں کی کوئی دو ارب خوراکیں فراہم کرنا چاہتی ہے جس میں صحت سے متعلقہ کارکنان اور معمر افراد کو ترجیح دی جائے گی۔

وہ رواں سال کی پہلی ششماہی میں 145 ممالک اور علاقہ جات میں ویکسین کی تقسیم شروع کرنا چاہتی ہے جن میں سے بیشتر ترقی پذیر اقوام ہیں۔