جاپان اور امریکہ میں فوجی اخراجات کی تقسیم پر مذاکرات

جاپان اور امریکہ کے درمیان، جاپان میں امریکی افواج کی تعیناتی کے اخراجات کے حصے کے سلسلے میں مذاکرات ہوئے ہیں۔ امریکہ میں صدر بائیڈن کے اقتدار میں آنے کے بعد پہلی بار ہونے والے، عملی سطح کے یہ مذاکرات، منگل کے روز وڈیو لنک کے ذریعے ہوئے۔

مذاکرات کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔ تاہم، جاپان کی تجویز ہے کہ دونوں ممالک مالی سال 2021 کے لیے ایک عارضی معاہدے پر دستخط کریں، جس میں اخراجات کی تقسیم رواں مالی سال کی سطح پر برقرار رکھی جائے۔ اس کی یہ بھی تجویز ہے کہ آئندہ سالوں کے لیے الگ سے مذاکرات کیے جائیں۔ واضح رہے کہ جاپان میں مالی سال اپریل سے شروع ہوتا ہے۔

اخراجات میں جاپان کا حصہ ہر 5 سال بعد طے کیا جاتا ہے۔ تازہ ترین مذاکرات، سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے دور میں نومبر میں شروع ہوئے تھے، لیکن فریقین کسی سمجھوتے تک پہنچنے میں ناکام رہے تھے۔

اطلاعات کے مطابق بائیڈن انتظامیہ نے جاپان کی تجاویز پر مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ توقع ہے کہ دونوں فریق، مارچ میں موجودہ معاہدے کی میعاد ختم ہونے سے قبل مذاکرات جاری رکھیں گے۔