عالمی ادارۂ صحت کے ماہرین کا ووہان لیبارٹری کا دورہ

عالمی ادارۂ صحت کے ماہرین نے اُس چینی لیبارٹری کا دورہ کیا ہے جو کورونا وائرس کی عالمی وبا کے نقطۂ آغاز سے متعلق تنازع کا مرکز ہے۔

اس ٹیم کے ارکان ووہان شہر میں مکمل پیمانے پر چھان بین کے آغاز کے کئی روز بعد بدھ کے روز ووہان انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی پہنچے۔

پیٹر ڈیشیک، عالمی ادارۂ صحت کی کووڈ 19 تحقیقاتی ٹیم کے رکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارکان انتہائی نتیجہ خیز دن کی توقع کرتے ہوئے، کلیدی افراد سے ملنے اور وہ تمام سوالات پوچھنے کے منتظر ہیں جو پوچھنے ضروری ہیں۔

ٹیم کے ارکان نے چینی محققین کے ساتھ تبادلہٴ خیال کیا۔ ان میں انسٹی ٹیوٹ کی ایک مایہ ناز ماہر شی ژینگ لی شامل ہیں جو چمگادڑوں کی غاروں سے وائرس پکڑنے کی مہمات کے لیے شہرت رکھتی ہیں۔

گزشتہ سال ٹرمپ انتظامیہ نے الزام لگایا تھا کہ مذکورہ وائرس انسٹی ٹیوٹ سے باہر نکلا۔ یہ انسٹی ٹیوٹ چمگادڑوں میں کورونا وائرسوں سے متعلق تحقیق کرتا ہے۔ چین کی حکومت اس الزام کی تردید کرتی ہے۔