ویکسین کی برآمد پر جاپان کی یورپی یونین سے تعاون کی درخواست

جاپان نے یورپی یونین میں شامل ممالک سے کورونا وائرس ویکسینوں کی مستحکم فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے یورپی یونین سے تعاون کی درخواست کی ہے۔

جاپان اور یورپی یونین کے وزراء نے پیر کے روز ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔ یہ کانفرنس تجارتی معاملات پر تبادلہ خیال کے لیے باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہے۔

یورپی یونین نے رکن ممالک میں تیار کی گئی کووڈ 19 ویکسین پر برآمدی قدغن لگانے کا گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا۔

اس پابندی کے تحت، یورپی یونین میں ویکسین بنانے والی کمپنیوں کو غیر یورپی یونین مارکیٹوں میں ویکسین برآمد کرنے سے پہلے ویکسین بھجوانے کا مقام ظاہر کرنے کے ساتھ اجازت نامہ بھی حاصل کرنا ہو گا۔

جاپان کے وزیر خارجہ موتیگی توشی مِتسُو نے کانفرنس کے دوران کہا کہ اس اقدام کے باعث یورپی یونین میں شامل ملکوں سے سمجھوتے کے مطابق جاپان آنے والی ویکسین کی ترسیل متاثر نہیں ہونی چاہیے۔

یورپی کمشنر برائے تجارت والڈِس ڈومبروسکِس نے جاپان کی تشویش کو قابلِ فہم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ جاپان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی وجہ سے یورپی یونین اس بات کو یقینی بنائے گی کہ مصنوعات سازوں کے ساتھ معاہدوں کی بنیاد پر ویکسینوں کی جاپان کو بلارکاوٹ ترسیل ممکن بنائی جائے۔