جاپان میں فائزر کی ویکسین کے استعمال کی منظوری کے لیے اقدامات

این ایچ کے کو معلوم ہوا ہے کہ جاپان کی وزارت صحت امریکی ادویات ساز کمپنی فائزر کی تیار کردہ کورونا وائرس ویکسین کے استعمال کی منظوری دینے یا نہ دینے کے لیے آئندہ ہفتے ماہرین کے ایک پینل کے ساتھ تبادلہ خیال کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

حکام نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے جمعے کے روز یہ اجلاس بلانے کے لیے انتظامات حتمی مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔

فائرز نے 7 کروڑ 20 لاکھ افراد کے لیے ویکسین کی خوراکیں رواں سال فراہم کرنے کا حکومت جاپان سے معاہدہ کر رکھا ہے۔ اس کمپنی نے جاپان میں ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کے اعداد و شمار گزشتہ ہفتے وزارت کو فراہم کیے تھے۔

وزارت ان اعداد و شمار اور بیرون ملک ویکسین کی آزمائش کے نتائج کی بنیاد پر ویکسین کے موثر اور استعمال میں محفوظ ہونے کی جانچ پڑتال کر رہی ہے۔

حکام نے کہا ہے کہ منظوری کی صورت میں ویکسین کے ٹیکے فی الوقت 16 سال یا زائد العمر افراد کو لگائے جائیں گے۔

ماہرین کے پینل سے منظوری ملنے کی صورت میں وزارت آئندہ چند دنوں کے اندر ویکسین کے استعمال کا باضابطہ اجازت نامہ جاری کرے گی۔

حکومت کو امید ہے کہ جلد سے جلد رواں ماہ کے اواخر سے طبی کارکنان کو ویکسین کے ٹیکے لگانے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔