جاپان ممکنہ طور پر کووڈ 19 ہنگامی حالت کی میعاد میں توسیع کرے گا

امکان ہے کہ حکومت جاپان، ٹوکیو اور اوساکا میں کووڈ 19 کے لیے 7 فروری تک کیلئے اعلان کردہ ہنگامی حالت کی میعاد میں توسیع کر دے گی۔ حکومت اس کا فیصلہ رواں ہفتے ماہرین کی آراء سننے کے بعد کرے گی۔

ٹوکیو اور اس کے تین ہمسایہ پریفیکچروں میں ہنگامی حالت کے اعلان کو تین سے زائد ہفتے گزر چکے ہیں۔ اوساکا اور چھ دیگر پریفیکچروں میں اس اعلان کو ہوئے دو سے زائد ہفتے گزر چکے ہیں۔ ہنگامی حالت کو 7 فروری کو ہٹایا جانا ہے۔

گزشتہ ہفتے نئے متاثرین کی تعداد ایک ہفتہ پہلے کے مقابلے میں کم رہی۔ تاہم نئے متاثرین میں معمر افراد کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ معمر افراد کے شدید بیمار ہونے کا خطرہ نسبتاً زیادہ ہوتا ہے۔

حکومتی عہدیدار، ٹوکیو اور اوساکا میں ہنگامی حالت کے اعلان میں ممکنہ توسیع کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ اس کی ایک وجہ طبی نظاموں پر بدستور دباؤ کی موجودگی ہے۔

وہ توچگی پریفیکچر کیلئے شاید ہنگامی حالت کے خاتمے پر غور کریں جہاں صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔