جاپان کے وسیع علاقوں میں تند و تیز ہوائیں اور شدید برفباری متوقع

ہوا کے کم دباؤ کے تیزی سے بننے والے ایک نظام کے باعث جاپان کے ہوکائیدو سے لے کر ہوکُوریکُو تک بحیرہ جاپان کے وسیع تر ساحلی علاقوں میں طوفان آنے کی علامات ظاہر ہو رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق، ہواؤں کی رفتار اور برفباری میں ہفتے کے روز تک شدت پیدا ہو سکتی ہے۔ حکام نے ٹریفک میں خلل آنے کے ساتھ ساتھ برفانی طوفانوں اور شدید برفباری کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسمیاتی نظام بحیرہ جاپان سے مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔ شمالی جاپان کے بعض مقامات پر برفانی ہوائیں چل رہی ہیں۔

ہوکائیدو کے ماتسُومائے قصبے میں جمعے کو شام پانچ بجے کے قریب تک تین گھنٹے کے دورانیے میں تیز ہواؤں کی رفتار 107 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

ہوکائیدو، توہوکُو اور ہوکُوریکُو علاقوں میں ہفتے کے روز دوپہر بارہ بجے تک 70 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے تند و تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ علاقوں کے مکین ’’وہائٹ آؤٹ‘‘ کہلانے والے انتہائی خراب موسمیاتی حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں، جن میں شدید ہواؤں میں برفباری کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم رہ جاتی ہے۔