طالبان کے ساتھ معاہدے پر نظر ثانی کی جائے گی: امریکی وزیر خارجہ

امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلِنکن نے طالبان جنگجو گروپ کے ساتھ گزشتہ فروری میں کیے گئے معاہدے پر نظر ثانی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

جناب بلِنکن نے افغانستان کے صدر اشرف غنی کے ساتھ جمعرات کے روز ٹیلی فون پر گفتگو میں یہ معاملہ اٹھایا۔

انہوں نے جناب غنی کو افغانستان میں جاری امن عمل کی پُر زور سفارتی حمایت کا یقین دلایا۔ تاہم، انہوں نے جناب غنی کو بتایا کہ امریکہ طالبان کے ساتھ کیے گئے امن معاہدے پر نظر ثانی کر رہا ہے۔ یہ معاہدہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے تحت طے پایا تھا۔

اس نظرثانی کا مقصد اس بات کا جائزہ لینا ہے کہ کیا طالبان نے دہشت گرد گروپوں کے ساتھ تعلقات منقطع کیے ہیں یا نہیں اور مزید یہ کہ کیا وہ افغان حکومت کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات کر رہے ہیں۔