جاپان میں خام فولاد کی پیداوار 51 سالہ کم ترین سطح پر

کورونا وائرس کی عالمی وبا کے اثرات کے باعث جاپان میں خام فولاد کی پیداوار سنہ 2020 میں 51 سالہ کم ترین سطح تک گر گئی ہے۔

جاپان آئرن اینڈ اسٹیل فیڈریشن کے ڈیٹا سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ سال ملک میں خام فولاد کی پیداوار 8 کروڑ 31 لاکھ 90 ہزار ٹن تھی جو سنہ 2019 کے مقابلے میں 16 فیصد کم اور کمی کا مسلسل چھٹا سال تھا۔

یہ پیداوار سنہ 2009 سے بھی کم ہے، جب عالمی مالیاتی بحران کو ابھی تھوڑا ہی عرصہ گزرا تھا۔

گاڑی سازی اور عمارتوں کی تعمیر کی صنعت میں فولاد کے ساز و سامان کی طلب گزشتہ سال سست رہی۔