ٹوکیو میں کورونا وائرس کی صورتحال بدستور تشویشناک

ماہرین کے ایک پینل نے خبردار کیا ہے کہ ٹوکیو میں نئے متاثرین کی تعداد کے ہفتہ وار اوسط میں حالیہ کمی کے باوجود یہاں کورونا وائرس کی صورتحال بدستور انتہائی تشویشناک ہے۔

کورونا وائرس کے خلاف رد عمل پر ٹوکیو بلدیہ عظمیٰ کو مشورہ دینے والے ماہرین نے صورتحال کے ہفتہ وار تجزیے کے لیے جمعرات کو ملاقات کی تھی۔

انہوں نے دارالحکومت میں وبا کے پھیلاؤ کی صورتحال اور اس کے طبی نظام، دونوں کے لئے انتباہ کی سطح کے بلند ترین درجے 4 کو بحال رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹوکیو میں نئے کیسز کی سات روزہ اوسط بدھ کے روز تک کم ہو کر 1 ہزار 15 رہی۔ گزشتہ ہفتے یہ اوسط 1 ہزار 4 سو 71 تھی اور اس سے مزید ایک ہفتہ قبل یہ 1 ہزار 6 سو 99 تھی۔

تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ سات روزہ اوسط بدستور بہت زیادہ بلند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹوکیو میں ہنگامی حالت کے نفاذ سے دو روز قبل 6 جنوری کو بھی اوسط تقریباً یہی تھی۔

انہوں نے مزید خبردار کیا کہ ٹوکیو میں نئے متاثرین کی تعداد اگرچہ گرنا شروع ہو گئی ہے، تاہم 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد میں یہ کم نہیں ہوئی اور عمر کے اس گروپ کے افراد کی کل تعداد میں کیسز کی شرح تیزی سے بڑھی ہے۔