ایٹم بم ڈوم کی مرمت کا کام میڈیا کو دکھایا گیا

ہیروشیما امن یادگار کی مرمت و بحالی کا کام، بدھ کے روز ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو دکھایا گیا۔ اس یادگار کو ایٹم بم ڈوم کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ وہ تعمیراتی ڈھانچہ ہے جو 1945 میں ہیروشیما پر امریکہ کے ایٹم بم گرانے کے واقعے میں مکمل تباہی سے بچ گیا تھا۔

یادگار کو محفوظ رکھنے کے لیے دراڑوں کی مرمت اور رنگ کی بحالی کا کام ستمبر میں شروع ہوا تھا۔ اس کی اصل تعمیر 100 برس سے زائد عرصہ قبل، سنہ 1915 میں ہوئی تھی۔

ڈوم یا گنبد کے فولادی فریم پر گہرا بھورا رنگ کیا گیا ہے۔ ہیروشیما کے بلدیاتی حکام کے مطابق، اس رنگ کا انتخاب اُن تصویروں کو دیکھ کر کیا گیا، جو امریکی فوج نے ایٹم بم گرانے کے فوراً بعد کھینچی تھیں۔

کارکن، اینٹوں کو جوڑنے کے لیے چونے کا مسالا استعمال کر رہے ہیں۔ یہ وہ مسالا ہے جو عمارت کی اصل تعمیر کے دنوں میں عام استعمال کیا جاتا تھا۔

بحالی و مرمت کا تقریباً 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ یہ کام، مارچ کے آخر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔