جاپان اور عرب ممالک آب و ہوا کی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے تعاون پر متفق

جاپان اور عرب معیشتوں کے وزراء نے ٹوکیو میں منعقدہ ایک فورم میں پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے ماحولیاتی تبدیلیوں اور دیگر عالمی مسائل سے نمٹنے میں تعاون کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

جاپانی حکومت اور عرب ریاستوں کی لیگ کی جانب سے جاپان-عرب اقتصادی فورم کا مشترکہ انعقاد کیا جا رہا ہے۔

جاپان کی وزیرِ خارجہ کامی کاوا یوکو اور معیشت، تجارت اور صنعت کے وزیر سائیتو کین نے جمعرات کو فورم کے دوسرے دن وزارتی سطح کے مذاکرات میں حصہ لیا۔

محترمہ کامی کاوا نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن اور مصنوعی ذہانت جیسی جدید ٹیکنالوجیز اُبھری ہیں اور معاشروں پر بہت زیادہ اثر انداز ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی اور دیگر عالمی مسائل سے فوری طور پر نمٹنے کی ضرورت ہے۔

جناب سائیتو نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ جاپان اور عرب ممالک مل کر چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو استعمال میں لائیں گے اور اقتصادی ترقی کے حصول کے اقدامات پر بات چیت کو آگے بڑھائیں گے۔

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے کہا کہ آب و ہوا کی تبدیلی، مصنوعی ذہانت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون سے سرمایہ کاری میں اضافہ ممکن ہو گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عرب لیگ کو جاپان کے علم و ہنر سے مدد ملے گی۔