سینئر امریکی عہدیدار کا جاپان کے ساتھ مزید دفاعی تعاون پر زور

امریکہ کے نائب وزیر خارجہ کرٹ کیمبل نے کہا ہے کہ ان کا ملک جاپان کے ساتھ ’’دوطرفہ تعلقات‘‘ کے حصے کے طور پر دفاعی تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔

جناب کیمبل نے یہ بات بدھ کو واشنگٹن میں ’’این ایچ کے‘‘ کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہی ہے۔

جناب کیمبل نے کہا کہ ان کا ملک سائبر سیکیورٹی اور غلط معلومات جیسے چیلنجوں پر ہند و بحرالکاہل خطے کے ممالک کے ساتھ مل کر مزید کام کرنے کی امید رکھتا ہے۔ انہوں نے سازوسامان کی مشترکہ پیداوار پر تعاون کا بھی حوالہ دیا۔

جناب کیمبل نے کہا کہ امریکہ ناصرف چار ملکی فریم ورک میں بلکہ جاپان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں بھی تعاون کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور جاپان ’’اہم اسلحے‘‘ اور مشترکہ پیداوار کے دیگر امور میں زیادہ قربت کے ساتھ کام کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اس ماہ کے اواخر میں جاپان کے ساتھ ٹو پلس ٹو نامی اجلاس میں اس معاملے پر بات چیت کو وسعت دینا چاہتا ہے۔ اس اجلاس میں دونوں ممالک کے سفارتی اور دفاعی سربراہان شرکت کریں گے۔

چین، روس اور شمالی کوریا کے بارے میں جناب کیمبل نے کہا، ’’یہ امر واضح ہے کہ وہ یہ اشارہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ نیٹو اور اتحادی ممالک کی کوششوں کے خلاف مزاحمت کے لیے تیار ہیں‘‘۔