تھائی لینڈ میں ہونڈا گاڑیوں کی پیداواری گنجائش نصف

جاپان کی ہونڈا موٹر تھائی لینڈ میں اپنی پیداواری گنجائش کو 50 فیصد سے زیادہ کم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب چینی حریف کمپنیوں کے ساتھ سخت مقابلے میں جاپانی کار ساز کمپنیاں اپنی حکمت عملی میں رد و بدل کرنے پر مجبور ہو گئی ہیں۔

ہونڈا کے تھائی لینڈ میں دو اسمبلی پلانٹس ہیں۔ کمپنی کے مطابق پراچن بُوری پلانٹ میں اگلے سال کے بعد بھی کاریں بنانا جاری رکھی جائیں گی۔

لیکن کمپنی کا کہنا ہے کہ ایوتھایا میں فیکٹری 2025 کے آخر تک گاڑیاں اسمبل کرنا بند کر دے گی اور پھر صرف پرزے بنائے گی۔

اس اقدام سے تھائی لینڈ میں ہونڈا کی پیداواری گنجائش سالانہ 2 لاکھ 70 ہزار گاڑیوں سے کم ہو کر 1 لاکھ 20 ہزار رہ جائے گی۔

ہونڈا کے منتظمین کے مطابق، فروخت میں بحالی مستقبل قریب میں نظر نہیں آ رہی ہے۔

تھائی لینڈ میں گاڑیوں کی فروخت کا تقریباً 80 فیصد حصہ جاپانی گاڑیوں کا ہے۔ لیکن برقی گاڑیاں بنانے والی بڑی کمپنی BYD سمیت چینی کمپنیاں ملکی مارکیٹ میں قدم جما رہی ہیں، جس سے جاپانی گاڑی ساز کمپنیوں کا مارکیٹ میں حصہ کم ہو رہا ہے۔