یوکرین میں روسی حملے سے 42 ہلاک، کِیف میں بچّوں کا ہسپتال شدید متاثر

روس کی فوج نے پورے یوکرین میں ایک بڑا حملہ کیا ہے جس میں 42 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ کِیف میں بچّوں کے ایک ہسپتال کو حملے میں شدید نقصان پہنچا ہے۔

یوکرین کے دارالحکومت کِیف اور مشرقی علاقے دونِ پُروپیتروسک اور دونیتسک سمیت علاقے پیر کے روز شدید متاثر ہوئے ہیں۔

کِیف میں، شہر کے مرکز کے سات اضلاع میں اپارٹمنٹ عمارات اور دیگر ڈھانچوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہاں 22 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

کِیف میں اوخمادِیت چلڈرن ہسپتال بھی حملے کی زد میں آیا ہے۔ یوکرین کے ہنگامی خدمات کے ریاستی ادارے کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور 50 سے زائد دیگر زخمی ہوئے۔

یوکرین کے سلامتی حکام نے ہسپتال کو کروز میزائل سے نشانہ بنانے پر روس کی مذمت کی ہے۔

حملے کے وقت وہاں موجود ایک ڈاکٹر نے این ایچ کے، کو بتایا کہ اُنہوں نے ایک زوردار دھماکے کی آواز سُنی اور کھڑکی کا ٹوٹا ہوا شیشہ تقریباً اُن پر گر پڑا۔ اُنہوں نے بتایا کہ اُن کا ساتھی ڈاکٹر ہلاک ہو گیا، اور یہ کہ حملہ ایک بہت بڑا مجرمانہ فعل تھا۔