جاپان اور فلپائن کے دوطرفہ سلامتی تعاون کے معاہدے پر دستخط

جاپان اور فلپائن نے چین کی بڑھتی ہوئی سمندری جارحیت کے تناظر میں جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز اور فلپائنی فوج کے درمیان مشترکہ مشقوں میں سہولت فراہم کرنے کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

جاپانی وزیر خارجہ کامیکاوا یوکو اور فلپائنی سیکرٹری برائے قومی دفاع گلبرٹو ٹیوڈورو نے پیر کو منیلا میں باہمی رسائی کے معاہدے پر دستخط کیے۔ تقریب میں فلپائنی صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے بھی شرکت کی۔

اس معاہدے میں مشترکہ تربیت کے دوران ہتھیاروں اور گولہ بارود کی ہینڈلنگ اور ناگہانی واقعات یا حادثات کی صورت میں دائرہ اختیار استعمال کرنے کا حق شامل ہیں۔

اس معاہدے کا اطلاق آفات سے متعلق امدادی سرگرمیوں پر بھی ہو گا۔

آسٹریلیا اور برطانیہ کے بعد فلپائن تیسرا ملک ہے جس کے ساتھ جاپان نے اس طرح کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ جاپان کا امریکہ کے ساتھ اسٹیٹس آف فورسز کا معاہدہ بھی ہے۔

ٹوکیو اور منیلا دو طرفہ سیکورٹی تعاون کو فروغ دینے کی امید رکھتے ہیں، کیونکہ دونوں کو بالترتیب بحیرہ مشرقی چین اور بحیرہ جنوبی چین میں چین کی بڑھتی ہوئی سمندری سرگرمیوں کا سامنا ہے۔