ٹوکیو کی موجودہ گورنر کواِکے یُوریکو تیسری مدت کے لیے منتخب

ٹوکیو کی گورنر کواِکے یُوریکو نے اتوار کو ہونے والے انتخابات میں تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے۔

کواِکے نے اپنے حامیوں سے خطاب کیا اور بڑھتی ہوئی قیمتوں اور گرتی ہوئی شرح پیدائش جیسے ٹوکیو کو درپیش مختلف چیلنجوں کا حوالہ دیا۔ انہوں نے بچوں کی مفت دیکھ بھال کو وسعت دے کرشرح پیدائش میں کمی کے خلاف اقدامات کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

کواِکے نے کہا، "ہمارا چیلنج یہ ہے کہ ڈیجیٹل تبدیلی کے ساتھ کیسے آگے بڑھیں کیونکہ صنعتوں میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ مزید برآں، خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ماحول دنیا کے دیگر حصوں کے مقابلے میں ناسازگار ہے۔ ہمیں ٹوکیو کو بہتر کرتے رہنے کے لیے اپنی کوششوں کو بڑھانا چاہیے"۔

انتخابی مہم کے دوران، کواِکے نے گورنر کے طور پر اپنی دو میعادوں کی کامیابیوں پر زور دیا۔ 71 سالہ کواِکے سابق وزیر دفاع ہیں جو جاپانی پارلیمان کے ایوان بالا اور ایوان زیریں دونوں میں خدمات انجام دے چکی ہیں۔ وہ 2016 میں ٹوکیو کی پہلی خاتون گورنر بنیں۔

کواِکے نے مقابلے میں ریکارڈ 55 حریفوں کو شکست دی، اور تقریباً 30 لاکھ ووٹ حاصل کیے۔ انہیں لبرل ڈیموکریٹک پارٹی، کومیتو اور کئی دوسری جماعتوں کی حمایت حاصل تھی۔

رائے دہی کا تناسب 60.62 فیصد رہا، جو ٹوکیو کے گورنر کے گزشتہ انتخاب سے 5.62 پوائنٹ زیادہ ہے۔