یومِ اسٹار فیسٹِیول، بچّوں کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار

وسطی جاپان کے آئیچی پریفیکچر کے ناگاکُوتے شہر کے ایک پارک میں سالانہ اسٹار فیسٹِیول کے موقع پر بچّوں اور آنے والے دیگر افراد نے اپنی تحریری اُمیدوں سے بانس کے درختوں کو سجایا۔

ایکسپو 2005ء آئیچی یادگاری پارک کا عملہ اِسی پارک میں تیار کردہ بانس کے درخت 7 جولائی کے تہوار سے پہلے ہر سال نو مقامات پر لگاتا ہے۔ وہ لوگوں کیلیے کاغذ کی پرچیاں بھی تیار کرتے ہیں تاکہ وہ اپنی خواہشات لکھ سکیں۔

درختوں کو مختلف رنگوں کی کئی کاغذی پٹّیوں سے سجا دیا گیا۔ اِن میں سے ایک پٹّی پر درج خواہش یہ ہے کہ، "مجھے اُمید ہے کہ میرے خاندان کے افراد صحت مند رہ سکیں گے"۔

تہوار کے دن، اتوار کے روز بہت سے بچّوں نے اپنی خواہشات لکھ کر درختوں پر لگی رسّی سے باندھ دیں۔

ناگویا شہر کی ایک آٹھ سالہ لڑکی نے اپنی 6 سالہ چھوٹی بہن کے ساتھ اپنی خواہش لکھی۔ مذکورہ لڑکی کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے ریاضی میں بہتر ہونے کی اپنی خواہش لکھی ہے، حالانکہ وہ پہلے ہی اِس میں اچھی ہیں۔