پوٹن اور شی کی نئے ایرانی صدر کو مبارکباد

روس کے صدارتی دفتر کا کہنا ہے کہ صدر ولادیمیر پوٹن نے ہفتے کے روز ایران کے نومنتخب صدر مسعود پزشکیان کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔

صدر پوٹن نے لکھا کہ "روس ایران تعلقات دوستانہ، اچھے پڑوسی نوعیت کے ہیں" اور یہ کہ دونوں ممالک "بین الاقوامی ایجنڈے پر اہم مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششوں کو مؤثر طریقے سے مربوط کرتے ہیں"۔

انہوں نے مزید کہا، "مجھے یقین ہے کہ صدر کے طور پر آپ کا کام علاقائی سلامتی اور استحکام کو مستحکم کرنے کے مفاد میں تعمیری دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا"۔

کہا جاتا ہے کہ جب سے روس نے یوکرین پر حملہ شروع کیا ہے، اس وقت سے وہ ایران سے ڈرونز سمیت ہتھیار خرید رہا ہے۔

چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے ہفتے کے روز جناب پزشکیان کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔

صدر شی نے کہا کہ پیچیدہ علاقائی اور بین الاقوامی منظرنامے کے پیشِ نظر چین اور ایران نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ چین-ایران تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور ان کی جامع تزویراتی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کی خاطر پزشکیان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

امریکہ کے ساتھ چین کی طویل کشمکش کو ذہن میں رکھتے ہوئے، چین ملٹی پولرائزیشن یعنی کثیر تقطیبیت کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ وہ ایران کے ساتھ اپنے روابط مضبوط کر رہا ہے، جو قدامت پسند سخت گیر حکومت کے تحت یورپ اور امریکہ کے ساتھ تنازعات کا شکار رہا ہے۔