اصلاح پسند پیزیشکیان نے ایرانی صدارتی انتخاب جیت لیا، وزارت داخلہ

ایرانی صدارتی انتخابات میں اصلاح پسند مسعود پیزیشکیان جیت گئے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران انہوں نے مغرب کے ساتھ مزید مکالمے پر زور دیا تھا۔

ایران کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا کہ پیزیشکیان نے سخت گیر قدامت پسند سعید جلیلی کو شکست دی ہے۔ صدر ابراہیم رئیسی کی مئی میں ہیلی کاپٹر حادثے میں موت کے بعد قبل از وقت انتخابات کروائے گئے تھے۔

پیزیشکیان، ڈپٹی پارلیمانی اسپیکر اور وزیر صحت رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ امریکہ اور یورپ کے ساتھ تعلقات بہتر کرنا چاہتے ہیں، تاکہ وہ ایران پر سے پابندیاں اٹھا لیں۔ توقع ہے کہ وہ رئیسی کی سخت گیر سفارتی پالیسی میں تبدیلی لائیں گے۔

لیکن یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ مغرب کے ساتھ تعلقات کس حد تک بہتر ہوں گے، کیونکہ ایرانی حکومت کے لیے اہم پالیسیوں میں اپنے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی پیروی کرنا لازمی ہے۔