جاپان کی پیرس اولمپک ٹیم کی تقریبِ رونمائی

جاپان نے آئندہ پیرس اولمپکس کے لیے اپنے کھلاڑیوں کی ٹیم کی تقریب رونمائی منعقد کی ہے۔

یہ تقریب جمعہ کے روز ٹوکیو میں منعقد ہوئی۔ جاپان کے ولی عہد، شہزادہ آکی شینواور ان کی اہلیہ، کھلاڑیوں اور حکام نے تقریب میں شرکت کی۔

جاپانی اولمپک کمیٹی کی نائب صدر محترمہ میتسُویا یُوکو نے ٹیم کا پرچم کھلاڑیوں کے دستے کے سربراہ جناب اوگاتا میتسُوگی کو پیش کیا۔ اس کے بعد یہ پرچم، فینسنگ کی خاتون کھلاڑی اےمُورا مِساکی کے حوالے کیا گیا، جو 26 جولائی کو کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں پرچم بردار ہوں گی۔

ولی عہد شہزادہ آکی شینو نے اولمپک ٹیم سے بات کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ہر رکن کھیلوں کے ذریعے دنیا کے دوسرے حصوں کے ساتھ تبادلوں کو مضبوط تر بنائے گا اور بین الاقوامی خیر سگالی کو فروغ دے گا۔

محترمہ اےمُورا نے کہا کہ ٹیم کے تصور، ’’ایک قدم اور آگے بڑھانے کی ہمت رکھنا‘‘ کے تحت تمام کھلاڑی نئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔

شیگے کِکس کے نام سے معروف ناکارائی شیگے یُوکی بھی اولمپک ٹیم کے پرچم بردار ہیں۔ وہ گیمز میں نئے متعارف کرائے گئے ایونٹ ڈانس اسپورٹ بریکنگ میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی شائقین کی حوصلہ افزائی سے متاثر ہو کر ایک قدم آگے بڑھیں گے اور احساس تشکر کے ساتھ اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔