برطانیہ میں لیبر پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب، اسٹارمر وزیراعظم ہونگے

برطانیہ میں کنزرویٹوز کا 14 سالہ اقتدار اختتام پذیر ہونے والا ہے۔ حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت لیبر پارٹی نے عام انتخابات میں اکثریت حاصل کر لی ہے۔

لیبر پارٹی کے رہنما کیئر اسٹارمر نے فتح کا اعلان کیا۔ توقع ہے کہ وہ وزیراعظم بننے کے لیے جمعہ کو بکنگھم پیلس جائیں گے۔

قومی انتخابات میں اپنی جماعت کی کامیابی کے بعد اسٹارمر نے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’ہم نے کر دکھایا ہے! تبدیلی اب شروع ہو گئی ہے‘‘۔

انہوں نے کہا، ’’ہم اگلا باب شروع کر رہے ہیں، تبدیلی کے لیے کمر کس رہے ہیں، قومی تجدید کا مشن شروع کر رہے ہیں اور اپنے ملک کی تعمیر نو کا آغاز کر رہے ہیں‘‘۔

بی بی سی کا کہنا ہے کہ لیبر پارٹی نے ہاؤس آف کامنز کی 650 میں سے 400 سے زیادہ نشستیں جیت لی ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جمعرات کو ہونے والے انتخابات میں لیبر پارٹی کی نشستیں انتخابات سے پہلے کے مقابلے میں تقریباً دو گنی ہو جائیں گی۔