ہونڈا اور نسان معیاری آٹوموٹیو سافٹ ویئر پر کام کر رہی ہیں: ذرائع

این ایچ کے کو معلوم ہوا ہے کہ جاپان کی دو معروف گاڑی ساز کمپنیاں مشترکہ سافٹ ویئر پلیٹ فارم تیار کرنے کے لئے بات چیت کر رہی ہیں۔ ہونڈا موٹر اور نسان موٹر کو امید ہے کہ اس اشتراک عمل سے اخراجات میں کمی آئے گی اور عالمی مارکیٹ میں مسابقت میں اضافہ ہوگا۔

دونوں کمپنیوں نے مارچ میں برقی گاڑیوں سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کیلئے فزیبلٹی اسٹڈی کے حوالے سے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حریف کمپنیاں ایسا آٹوموٹیو آپریٹنگ سسٹم بنانے پر غور کر رہی ہیں جو اُن آلات کا مستحکم کنٹرول کر سکیں جنہیں فی الحال انفرادی طور پر سنبھالا جاتا ہے۔

ہونڈا اور نسان کنٹرول پارٹس کو معیاری بنانے کا بھی ارادہ رکھتی ہیں، جن میں ایکسلریٹر اور بریکس کے ساتھ ساتھ ڈرائیور اسسٹنس سسٹم کے لئے بنیادی ڈیزائن بھی شامل ہیں۔