جاپانی سرکاری پینل کا صنعتی مسابقت پر زور

جاپانی حکومت کے ماہرین کے ایک پینل کا کہنا ہے کہ معدنی ایندھن پر انحصار کم کرتے ہوئے معیشت کو زیادہ بارآور اور مسابقت کا اہل بنانے کی ضرورت ہے۔ یہ سفارشات ایک رپورٹ میں کی گئی ہیں جس میں جاپان کے گزشتہ تین سالہ تجارتی خسارے کا جائزہ لیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کے اقتصادی ماہرین کے پینل نے نشاندہی کی ہے کہ الیکٹرانک مصنوعات کی برآمدات معیشت کو تحریک دینے کا باعث ہوا کرتی تھیں۔ لیکن مالی سال 2022 کے بعد سے درآمد شدہ الیکٹرانکس کے مقابلے میں ان کی قدر کم ہوئی ہے۔

اس کا کہنا ہے کہ گھریلو صنعتوں کو اپنی پیداواری صلاحیت کو بڑھا کر اور پہلے سے زیادہ شعبوں میں کھپت کے قابل لیبر مارکیٹ کو فروغ دے کر مزید مسابقت پیدا کرنی چاہیے۔

رپورٹ میں توانائی کی بڑھتی ہوئی درآمدات کو تجارتی خسارے کی ایک بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے۔ اس انحصار کو کم کرنے کے لیے توانائی کے قابل تجدید ذرائع کو فروغ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

رپورٹ میں اس بات کی بھی حمایت کی گئی ہے کہ بند جوہری پاور پلانٹس کی حفاظت کو یقینی بنانے کی شرط پر انہیں دوبارہ چلایا جائے۔

پینل نے گھریلو صنعتوں کے لیے ضوابط میں نرمی لانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ وہ ملک میں مزید سرمایہ کاری کر سکیں۔