ٹوکیو امریکی فوجی اڈے سے اوسپرے طیاروں کی پروازیں دوبارہ شروع

امریکی فوج نے مغربی ٹوکیو میں یوکوتا ایئر بیس پر تعینات اوسپرے ٹرانسپورٹ طیاروں کی پروازیں دوبارہ شروع کردی ہیں۔ یہ عمل گزشتہ سال کے آخر میں ایک ہلاکت خیز حادثے کے بعد ان طیاروں کی پروازوں کی معطلی کے بعد سامنے آیا ہے۔

عمودی پنکھوں والا یہ طیارہ نومبر میں جاپان کے جنوب مغربی صوبے کاگوشیما کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ جہاز میں سوار عملے کے تمام آٹھ ارکان ہلاک ہو گئے تھے۔

حادثے کے بعد امریکی فوج نے یوکوتا ایئر بیس پر تعینات پانچ طیاروں سمیت اس قسم کے اوسپرے طیاروں کو گراؤنڈ کر دیا تھا۔

منگل کی صبح جاپان کی وزارت دفاع نے کہا کہ اُس نے تصدیق کی ہے کہ اِن میں سے ایک طیارے نے اڈے سے اڑان بھری اور تقریباً 15 منٹ تک پرواز کی۔ جاپانی دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ انہیں امریکہ کی جانب سے پروازوں کی بحالی کے بارے میں کوئی پیشگی اطلاع نہیں ملی تھی۔

امریکی فوج مارچ کے بعد سے میرین کور کے جنوبی جاپانی پریفیکچر اوکیناوا اور دیگر جگہوں پر واقع فوتنما ایئر اسٹیشن میں اوسپرے طیاروں کی پروازیں بتدریج دوبارہ شروع کر رہی ہے۔ اِس حادثے کی تحقیقات تا حال جاری ہیں۔

فوج نے عندیہ دیا ہے کہ اگلے سال کے وسط کے بعد آپریشن مکمل طور پر دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔

جاپان کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس نے امریکہ سے تصدیق کی ہے کہ ان پروازوں کو دوبارہ شروع کرنے سے پہلے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔