ریلوے کی دیکھ بھال کے لیے روبوٹ کا استعمال

ویسٹ جاپان ریلوے، جے آر ویسٹ، کے مطابق رواں ماہ سے دیکھ بھال اور معائنے کے کام کے لیے ٹرک میں نصب روبوٹ استعمال کرنا شروع کیا جائے گا۔ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب ٹرینیں چلانے والی کمپنیاں افرادی قوت کی کمی کا مقابلہ کرنے اور سلامتی کو بہتر بنانے کے لیے نئی ٹیکنالوجیز استعمال کر رہی ہیں۔

جے آر ویسٹ نے روبوٹ تیار کرنے والی اسٹارٹ اپ کمپنی اور دیگر کے ساتھ مل کر ایک مشین تیار کی ہے۔

اس مشین کے دو بازو ہیں جو 40 کلو گرام تک وزنی اشیاء اٹھا سکتے ہیں۔ مشین 12 میٹر کی بلندی تک پہنچ سکتی ہے، اور پرزے تبدیل کرنے، رنگ کرنے اور درختوں کی چھٹائی کا کام کر سکتی ہے۔

مشین چلانے والا کیمروں سے منسلک گوگل ہیڈسیٹ استعمال کرتے ہوئے مشین کو کنٹرول کرتا ہے۔ مثال کے طور پر استعمال کنندہ اپنا سر موڑتا ہے تو روبوٹ بھی ایسا ہی کرتا ہے۔ اٹھائی ہوئی اشیاء کے وزن کو کنٹرول لیورز کے ذریعے بھی محسوس کیا جا سکتا ہے۔

جے آر ویسٹ کا کہنا ہے کہ روبوٹ دیکھ بھال کے کام کے بوجھ کو تقریباً 30 فیصد تک کم کر سکتا ہے۔ اس سے بجلی کی تاروں جیسی خطرناک اشیا سے متعلق کام میں تحفظ کو بہتر بنانے کی بھی توقع ہے۔