حکومتِ جاپان کو مالی سال 2023ء میں ریکارڈ بلند ٹیکس آمدنی

حکومتِ جاپان نے مسلسل چوتھے سال ریکارڈ بلند ترین ٹیکس آمدنی حاصل کی ہے۔ اِس آمدنی میں زیادہ تر اضافہ مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کمپنیوں سے ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال 2023ء کے لیے مجموعی ٹیکس آمدنی تقریباً 720 کھرب ین یا تقریباً 446 ارب ڈالر رہی۔ یہ حجم مسلسل دوسرے سال 700 کھرب ین سے تجاوز کر گیا۔

یہ رقم گزشتہ سال نومبر میں جاری کیے گئے حکومتی تخمینے سے بھی تقریباً 20 کھرب ین زیادہ تھی، جب ایک ضمنی بجٹ مرتب کیا جا رہا تھا۔

کارپوریٹ ٹیکس آمدنی میں اضافہ ہوا، کیونکہ برآمدات سے وابستہ کمپنیوں اور دیگر کاروباروں نے کمزور ین کی وجہ سے مضبوط نتائج کی اطلاع دی۔

ایک اور عنصر افراطِ زر تھا۔ زیادہ قیمتوں نے صارف ٹیکس سے جمع کی گئی آمدنی میں اضافہ کیا۔

تاہم پھر بھی جاپان کو مسلسل سخت مالیاتی صورتحال کا سامنا ہے۔ حکومت آمدنی کی کمی پورا کرنے کے لیے بانڈز جاری کرتی ہے۔

ضمنی بجٹ سمیت حکومت کا مالی سال 2023ء کا بجٹ، مجموعی طور پر 1270 کھرب ین، یعنی 786 ارب ڈالر سے زیادہ تھا۔