مشرقی یوکرین میں روسی حملوں میں تیزی، بچوں کی ہلاکتوں میں اضافہ

روس کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ملکی افواج نے یوکرین کے مشرقی خطے دونیتسک میں دو دیہاتوں پر قبضہ کر لیا ہے۔

وزارت نے اتوار کو اعلان کیا کہ یہ دو دیہات اسپائرنے اور نووولیکساندریوکا ہیں۔

یوکرین کے دونیتسک کے گورنر کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز ایک روسی حملے میں خطے میں نو افراد ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے۔

کہا جاتا ہے کہ ماسکو، دونیتسک پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ روسی افواج کی مزید پیش قدمی متوقع ہے۔

روسی حملے میں تیزی کے ساتھ ہی، یوکرین میں ہلاک اور زخمی ہونے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اتوار کو یوکرینی استغاثہ نے کہا کہ روس کے یوکرین پر حملے کے آغاز کے بعد سے اب تک 554 بچے ہلاک اور 1,419 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔