بائیڈن کو صدارتی انتخاب نہیں لڑنا چاہئے: 70 فیصد سے زیادہ ووٹرز کی رائے

تازہ ترین جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ 70 فیصد سے زیادہ رجسٹرڈ امریکی ووٹرز کا جواب تھا کہ صدر جو بائیڈن کو نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب سے قبل ٹیلی ویژن پر ہونے والی بحث میں کمزور کارکردگی کے بعد انتخاب میں دوبارہ شریک نہیں ہونا چاہیے۔

صدر بائیڈن کو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ جمعرات کے مبابحثے کے دوران مشکل پیش آتی رہی، کیونکہ اس دوران وہ کبھی کبھار ہکلائے اور ان کی آواز بھرائی ہوئی تھی۔

CBS News اور YouGov نے اس مباحثے کے بعد دو دن تک 1,100 سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹرز کی رائے معلوم کی۔

جائزہ نتائج سے پتہ چلا کہ 72 فیصد جواب دہندگان کا کہنا تھا کہ بائیڈن کو صدارتی انتخاب نہیں لڑنا چاہیے۔ یہ تعداد فروری میں کیے گئے ایسے ہی جائزے سے 9 فیصد زیادہ ہے۔

تازہ ترین سروے میں یہ بھی پتہ چلا ہے کہ 46 فیصد ڈیموکریٹک رجسٹرڈ ووٹرز نے جواب دیا کہ بائیڈن کو دوبارہ انتخاب میں حصہ نہیں لینا چاہیے۔ بائیڈن ڈیموکریٹک پارٹی کے متوقع امیدوار ہیں۔