کِم جونگ اُن کی تصویر والے علامتی نشان کی پہلی بار تصدیق

شمالی کوریا کے ذرائع ابلاغ نے حکمران ورکرز پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے ایک اہم اجلاس میں شریک اعلیٰ عہدیداروں کی تصاویر شائع کی ہیں، جو رہنماء کِم جونگ اُن کی تصویر والے بیجز یعنی علامتی نشان لگائے ہوئے ہیں۔

یہ اِس طرح کے علامتی نشان کی پہلی تصدیق ہے، جس سے شمالی کوریا میں کِم کو تصوراتی رہنماء بنانے کی تیز رفتار کوششوں کی نشاندہی ہوتی ہے۔

حکمران پارٹی کے اخبار رودونگ سِنمُن کے اتوار کے شمارے میں مکمل اجلاس کے دوسرے دن کی تصاویر شائع ہوئی ہیں۔

ان تصاویر میں اعلیٰ افسران کو اپنے سینے پر علامتی نشان لگا کر تقریر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

شمالی کوریا میں قیادت سے وفاداری کے اظہار کے لیے تصویر والا علامتی نشان لگانا لازمی ہے۔ اب تک، اِن علامتی نشانات میں بنیادی طور پر کِم کے دادا، کِم اِل سنگ، اور والد، کِم جونگ اِل کی تصاویر نمایاں تھیں۔

شمالی کوریا کے ذرائع ابلاغ نے موجودہ رہنماء کی گزشتہ ماہ پارٹی کیڈر تربیتی اسکول میں لگی ایک تصویر دکھائی تھی، جس میں اُنہیں اُن کے دو پیشروؤں کے پہلو بہ پہلو دکھایا گیا تھا۔