جنسی زیادتی کے الزام میں امریکی مرین پر اوکیناوا میں فرد جرم: ذرائع

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ جاپان کے اوکیناوا پریفیکچر میں استغاثہ نے رواں مہینے امریکی مرین کور کے ایک رکن پر، ایک خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی اور اُسے زخمی کرنے کی کوشش کے الزام میں فرد جرم عائد کی تھی۔

پریفیکچر کے حکام اور تفتیش کاروں کے مطابق 21 سالہ مرین لانس کارپورل پر ناہا کے ضلعی استغاثہ دفتر نے 17 جون کو فرد جرم عائد کی۔ اُسے مئی میں ایک بالغ خاتون پر حملہ اور زخمی کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق خاتون کی جانب سے مزاحمت پر مذکورہ مرین جائے وقوعہ سے نکل بھاگا۔ تاہم پولیس کو کال موصول ہونے پر اُسے ڈھونڈ لیا گیا اور امریکی فوجی اڈے کے باہر سے گرفتار کر لیا گیا۔

اوکیناوا کے نائب گورنر نے دسمبر میں رونما ہونے والے ایک دوسرے واقعے پرجاپان میں امریکی فوج کے ساتھ جمعرات کے روز احتجاج درج کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے متواتر واقعات اُن لوگوں کے لیے تشویش کا سبب ہیں جو اوکیناوا میں امریکی اڈوں کے قریب رہنے پر مجبور ہیں۔