جاپانی شہنشاہ اور ملکہ کی برطانوی شاہی ضیافت میں شرکت

جاپان کے شہنشاہ نارُوہیتو اور ملکہ ماساکو نے برطانیہ کے سرکاری دورے میں دیگر مصروفیات کے علاوہ بکنگھم پیلس میں ایک ضیافت میں شرکت کی ہے۔

اس عشائیے کا اہتمام شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا نے کیا تھا۔ شہنشاہ نارُوہیتو نے آرڈر آف دی گارٹر کا تمغہ پہن رکھا تھا جو برطانیہ میں بہادری کا سب سے پرانا اور سب سے اعلیٰ ایوارڈ ہے۔ انہوں نے اس ایوارڈ کو ماقبل اسی روز ایک ظہرانے میں بادشاہ سے وصول کیا تھا۔

جاپان اور برطانیہ سے تقریباً 170 افراد نے عشائیے میں شرکت کی۔ شاہ چارلس نے استقبالیہ تقریر کرتے ہوئے جاپانی زبان کے چند جملے استعمال کیے۔

شاہ چارلس نے کہا، ’’برطانیہ میں ایک بار پھر خوش آمدید۔ ہماری شراکت داری میں سب سے اہم ایک گہری دوستی ہے‘‘۔

شہنشاہ نارُوہیتو نے بادشاہ کی تقریر کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اُنہیں امید ہے کہ برطانیہ کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان موجود دوستی کو نوجوانوں اور بچوں تک منتقل کرنے کے قابل بنائے گا جو اسے مزید فروغ دیں گے۔

شہنشاہ نارُوہیتو نے کہا، ’’مجھے پوری امید ہے کہ جاپان اور برطانیہ دونوں عوامی تبادلوں کے ذریعے حقیقی باہمی تفہیم کے لئے انتھک کوششیں جاری رکھیں گے، جس سے دوستی، خیر سگالی اور تعاون پر مبنی پائیدار تعلقات قائم ہوں گے‘‘۔