غزہ میں اسرائیل کی شدید لڑائی جلد ختم ہو جائے گی، نیتن یاہو

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں حماس کے خلاف شدید لڑائی کا مرحلہ ختم کرنے والا ہے اور لبنان کے ساتھ شمالی سرحد پر مزید افواج تعینات کرے گا۔

نیتن یاہو نے یہ بات اتوار کو ایک اسرائیلی ٹی وی اسٹیشن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ جنگ ختم ہونے والی ہے بلکہ رفح میں جنگ کا شدید مرحلہ ختم ہونے والا ہے۔

نیتن یاہو نے کہا کہ شدید مرحلہ ختم ہونے کے بعد اسرائیل کے پاس اپنی افواج کا کچھ حصہ شمال کی طرف منتقل کرنے کی گنجائش ہو گی اور وہ ایسا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ سب سے پہلے دفاعی مقاصد کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، جبکہ دوسرا مقصد اسرائیلی باشندوں کو واپس لانا ہے۔

اسرائیلی فوج اور لبنان میں قائم شیعہ عسکری گروپ حزب اللہ کے درمیان دونوں ملکوں کی سرحد کے قریب لڑائی جاری ہے۔ حزب اللہ حماس کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا آیا ہے۔