مشرقی و مغربی جاپان میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی

مشرقی اور مغربی جاپان کے وسیع علاقوں میں پیر کے روز تک انتہائی شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ حکام لوگوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ مٹی کے تودے گرنے اور سیلاب کے پیشِ نظر محتاط رہیں۔

موسمیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ موسمی بارش کے خط اور کم دباؤ والے نظام میں گرم اور نم ہوا آنے کی وجہ سے ماحولیاتی صورتحال انتہائی غیر مستحکم ہے، جس سے بارشوں اور گرج چمک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

پیر کی صبح تک کے چوبیس گھنٹے کے دورانیے میں، توکائی علاقے میں 200 ملی میٹر، کیُوشُو میں 150 ملی میٹر جبکہ کانتو-کوشِن، ہوکُوریکُو اور چُوگوکُوعلاقوں میں 100 ملی میٹر تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

حکام لوگوں سے کہہ رہے ہیں کہ وہ آسمانی بجلی گرنے اور ہوا کے تیز جھکڑوں سے ہوشیار رہیں، اور اگر گرج چمک کے ساتھ بادلوں کی آمد کے آثار نظر آئیں تو مضبوط عمارتوں میں پناہ لے کر اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

موسمی حکام کا کہنا ہے کہ ہوکُوریکُو علاقہ، جہاں نئے سال کے پہلے دن شدید زلزلہ آیا تھا، وہاں اتوار کی رات تک بارش میں شدت آنے کی توقع ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ زلزلے نے زمین کو نرم کر دیا ہے اور تھوڑی سی بارش بھی مٹی کے تودے گرنے کا باعث بن سکتی ہے۔