غزہ شہر پر فضائی حملوں میں 42 افراد ہلاک

خبر رساں ادارے رائٹرز نے حماس کے ایک میڈیا ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہفتے کے روز شمالی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 42 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

وڈیو فوٹیج میں منہدم عمارتوں سے فضا میں اٹھتی دھول، اپنے بچوں کو پکڑ کر بھاگتے ہوئے لوگ اور زخمیوں کو اسٹریچروں پر لے جاتے لوگ نظر آ رہے ہیں۔

اسرائیلی فورسز نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ان کے لڑاکا طیاروں نے غزہ شہر کے علاقے میں حماس کے دو عسکری بنیادی ڈھانچوں کو نشانہ بنایا ہے۔

شہری ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ غزہ کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے جمعے کے روز جنوبی شہر رفح کے باہر خیمہ بستیوں پر گولہ باری کی جس میں کم از کم 25 افراد ہلاک ہو گئے۔

شمال میں لڑائی میں شدت آنے کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے۔ اسرائیلی فورسز کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہفتے کے روز ہمسایہ ملک لبنان میں اسلامی گروپ حماس کو ہتھیار فراہم کرنے والے ایک اہلکار کو ٹھکانے لگانے کے لیے حملہ کیا۔

اسرائیل نے یہ بھی کہا ہے کہ اس نے لبنان میں شیعہ مسلم گروپ حزب اللہ کے عسکری ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔