مشرقی اور مغربی جاپان میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی

اختتام ہفتہ کے دوران مغربی اور مشرقی جاپان کے وسیع علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے چوکنا رہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسمی بارش کا فرنٹ اور کم دباؤ کا نظام اتوار کے روز تک شمال کی جانب مشرقی جاپان کی طرف بڑھنے کی توقع ہے، جس سے بارش اور گرج چمک کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

محکمے کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ چُوگوکُو اور ہوکُوریکُو کے علاقوں میں بارش کا موسم شروع ہو گیا ہے، کیونکہ ان علاقوں میں اگلے ہفتے کے دوران کئی دن بارش ہونے یا مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

اتوار کی شام سے 24 گھنٹے کی مدت کے لیے، کیُوشو اور توکائی میں 200 ملی میٹر تک، کِنکی میں 180 ملی میٹر، چُوگوکُو اور ہوکُوریکُو علاقوں میں 150 ملی میٹر اور شیکوکُو، کانتوکوشِن علاقوں اور نیگاتا پریفیکچر میں 120 ملی میٹر تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ .

موسمی حکام کا کہنا ہے کہ ہوکُوریکُو کے علاقے میں اتوار کو بھی شدید بارش کا امکان ہے، جہاں نئے سال کے دن زبردست زلزلہ آیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ زلزلے نے زمین کو نرم کر دیا ہے اور تھوڑی سی بارش بھی لینڈ سلائیڈنگ کا باعث بن سکتی ہے۔