شمالی کوریا میں پیوٹن اور کِم کی ملاقات

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے درمیان بدھ کی سہ پہر پیانگ یانگ میں ملاقات ہوئی ہے۔

پیوٹن شمالی کوریا کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔ یہ ملاقات بدھ کے روز شمالی کوریا کے دارالحکومت میں ان کے استقبال کی تقریب کے بعد ہوئی۔

پیانگ یانگ کے کُمسُوسان اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ہونے والی یہ ملاقات لگ بھگ ڈھائی گھنٹے جاری رہی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مندوبین نے بھی شرکت کی۔

کم جونگ ان نے مبینہ طور پر، ملاقات کے آغاز پر یوکرین میں روس کے فوجی آپریشن کی حمایت کا اعادہ کیا۔ کم جونگ ان نے کہا کہ شمالی کوریا ایک بار پھر اعلان کرتا ہے کہ وہ پیچیدہ عالمی صورتحال کے تناظر میں ماسکو کے ساتھ اسٹریٹجک روابط کو مضبوط بنائے گا اور روس کی ہر پالیسی کی غیر مشروط حمایت کرے گا۔

شمالی کوریا کے رہنما نے وسیع شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی امید ظاہر کی۔

پیوٹن نے امریکہ کے ساتھ روسی محاذ آرائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی طرف سے مسلط کردہ بالادستی کی سامراجی پالیسیوں کے خلاف لڑ رہا ہے۔