اسکول کے بچوں کی قدیم دور کی طرز کے اسپورٹس فیسٹول میں شرکت

قدیم جومون دور کے شکاریوں اور ماہی گیروں سے متاثر ہو کر وسطی جاپان کے ایک پرائمری اسکول میں اتھلیٹک فیسٹیول منعقد کیا گیا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ جومون ثقافت آج سے تقریباً 15 ہزار سال پہلے شمال مشرقی ایشیا میں رائج تھی جو 12 ہزار سال سے زیادہ عرصے تک جاری رہی تھی۔

یہ فیسٹول فوکوئی پریفیکچر کے می مُورو پرائمری اسکول میں منعقد کیا گیا۔ یہ اسکول آثار قدیمہ کے ایک مقام کے قریب واقع ہے جہاں کھدائی کے دوران جومون دور کے مٹی کے برتن وغیرہ دریافت ہوئے تھے۔

اسکول کے تمام 32 بچوں نے جومون دور کی نقل کرتے ہوئے ملبوسات زیب تن کر رکھے تھے۔ فیسٹول میں بچوں کی تین ٹیموں میں مقابلہ کرایا گیا۔

شکار کے تصور سے متاثر ہو کر کرائے گئے مقابلے میں، ٹیموں نے مل جل کر کام کرتے ہوئے خرگوشوں اور دیگر شکار کی نمائندگی کرنے والے گتے کے ڈبوں کو پکڑنے اور ایک جگہ جمع کرنے کے لیے لاٹھیاں استعمال کیں۔

ایک اور مقابلے میں، بچوں نے جوڑوں کی شکل میں پولی اسٹائرین فوم سے بنائی گئی مچھلیوں کو باہر نکالنے کے لیے مل کر کام کیا۔ بچوں کے والدین نے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

ایک طالبہ نے کہا کہ شکار کے دوران دوسروں کے ساتھ تعاون کرنے کا تجربہ دلچسپ رہا۔ طالبہ نے کہا کہ اس ایونٹ کے ذریعے جومون دور کی زندگی کا تصور کیا جا سکا۔