جاپانی وزیر اعظم کِشیدا کا آئندہ ماہ دورۂ جرمنی پر غور

جاپان کے وزیرِ اعظم کِشیدا فُومیو آئندہ ماہ چانسلر اولاف شولز کے ساتھ سربراہی ملاقات کے لیے جرمنی کا دورہ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

کِشیدا کو واشنگٹن میں اگلے ماہ کے اوائل میں منعقد ہونے والے نیٹو سربراہی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔

حکومتِ جاپان کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کِشیدا، جرمنی کا دورہ کرنے اور جرمن چانسلر سے ملاقات کی بھی اُمید رکھتے ہیں۔

توقع ہے کہ دونوں رہنماء ایک ایسے وقت میں اقتصادی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلۂ خیال کریں گے کہ جب بین الاقوامی نظام تیزی سے غیر یقینی کا شکار ہو گیا ہے۔

اُن کی بات چیت کے موضوعات میں یہ امر شامل ہو سکتا ہے کہ گزشتہ سال شروع کی گئی اعلیٰ سطحی بین الحکومتی مشاورت میں طے کردہ سمجھوتوں کے مطابق معدنی وسائل اور سیمی کنڈکٹرز کی ٹھوس سپلائی چینز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت، اے آئی اور دیگر اُبھرتی ہوئی ٹیکنالوجیوں کو بھی کس طرح بہتر طریقے سے تحفظ فراہم کیا جائے۔

دونوں رہنماء، یوکرین پر روس کے جاری حملے اور چین کی بڑھتی ہوئی بحری سرگرمیوں سمیت مشرقی ایشیاء میں سلامتی سے متعلق تشویش کے دوران دفاعی تعاون کو بڑھانے پر تبادلۂ خیال کر سکتے ہیں۔