جاپان کے کیوشُو کے شمالی حصے میں موسمِ برسات کا آغاز

جاپان کے محکمۂ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ مغربی جاپان کے علاقے کیوشُو کے شمالی حصے میں بارشوں کا موسم شروع ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ وہ جنوبی کیوشُو اور شِکوکُو میں مٹی کے تودے گرنے، نشیبی علاقوں میں سیلاب آنے اور ندی نالوں میں طغیانی سے بھی خبردار کر رہے ہیں۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ پیر کے روز جنوبی کیوشُو اور اوکیناوا پریفیکچر میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش ہو رہی تھی۔ محکمے کا کہنا ہے کہ شمالی کیوشُو میں برسات کے موسم کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے خاص طور پر کیوشُو میں بارش اور ابر آلود موسم جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

موسمیاتی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ جاپان کے بحرالکاہل کے ساحل پر ایک موسمی خط کے فعال ہونے کی توقع ہے، جس سے منگل تک نانسے جزائر اور مشرقی جاپان کے درمیانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفان آنے کا امکان ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پیر کی رات سے منگل کی صبح تک اَمامی خطے کو چھوڑ کر، میازاکی اور کاگوشیما پریفیکچروں میں، بارش کے بادلوں کے ارتکاز کی وجہ سے بڑی مقدار میں بارش ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح شِکوکُو کے چار پریفیکچروں پر بارش کے بادلوں کا ارتکاز بھی ہو سکتا ہے۔ اس سے آفات کا خطرہ تیزی سے بڑھ سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات نے مٹی کے تودے گرنے، نشیبی علاقوں میں سیلاب آنے، ندی نالوں میں طغیانی، آسمانی بجلی گرنے اور آندھی و ژالہ باری سے محتاط رہنے پر زور دیا ہے۔

جن علاقوں میں موسلادھار بارش ہونے کی توقع ہے وہاں کے لوگوں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ خطروں کے مقامی نقشوں کو پیشگی چیک کریں اور جلد انخلاء کے لیے تازہ ترین معلومات حاصل کرتے رہیں۔