جاپانی کاروباری تاثر ایک بار پھر مثبت

ایک نئے سرکاری سروے سے پتہ چلتا ہے کہ اپریل سے جون کے عرصے میں بڑی جاپانی کمپنیوں میں کاروباری تاثرات مثبت رہے۔ اِس بحالی کو بنیادی طور پر غیر ملکی سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے جوڑا گیا ہے۔

مالی سال کے پہلے تین ماہ کے لئے کاروباری حالات کا اشاریہ 0.4 رہا۔ یہ دو سہ ماہیوں میں پہلی مثبت ریڈنگ ہے۔

مثبت عدد کا مطلب یہ ہے کہ زیادہ تر کمپنیوں کے خیال میں حالات میں بہتری آئی ہے۔

وزارت خزانہ اور کابینہ دفتر کے اِس سہ ماہی سروے میں تقریباً گیارہ ہزار کمپنیوں نے سوالوں کے جوابات دیے۔

مصنوعات سازوں کے لئے اِشاریہ منفی 1.0 پر آ گیا۔ پیداواری مشینری اور اسٹیل بنانے والوں پر اضافی لاگت کا بوجھ پڑا۔

خدمات وغیرہ کے شعبے کے لیے انڈیکس 1.1 رہا کیونکہ سروسز کے شعبے نے سیاحوں کے باعث بڑھتی طلب سے استفادہ کیا۔ بڑھتی لاگت کو منتقل کرنے کے لیے کمپنیاں قیمتوں میں اضافہ کر پائیں۔