جاپان میں امریکی جنگی بحری جہازوں کی وسیع پیمانے پر مرمت پر جاپان-امریکہ اجلاس منعقد

جاپان اور امریکہ نے اِس مقصد سے عملی سطح کا اپنا پہلا اجلاس منعقد کیا ہے کہ امریکی فوج کے بحری جہازوں کی مرمّت کا کام جاپان میں کروایا جائے۔

یہ اجلاس اپریل میں جاپان-امریکہ سربراہی اجلاس میں طے پانے والے معاہدے کے بعد ہوا ہے۔ دونوں ملکوں نے امریکی بحریہ کے جنگی جہازوں کی وسیع پیمانے پر مرمت کا کام انجام دینے کے لیے جاپانی کمپنیوں کے لیے ایک لائحہ عمل بنانے پر اتفاق کیا تھا۔

منگل کے روز منعقدہ اجلاس کے شُرکاء میں جاپان کی وزارتِ دفاع کی حصولِ عمل، ٹیکنالوجی اور فوجی نظم و انصرام کی ایجنسی کے کمشنر فُوکاساوا ماساکی، امریکی محکمۂ دفاع کے عہدیدار اور جاپان میں امریکی سفیر راہم ایمانوئل شامل تھے۔

فُوکاساوا نے کہا کہ اُن کا خیال ہے کہ جاپانی شپ یارڈز میں امریکی بحریہ کے جہازوں کی دیکھ بھال کرنے کے مزید مواقعے ملنے سے جاپان-امریکہ اتحاد کی قوّتِ مزاحمت کو تقویت ملے گی۔ اُنہوں نے تصدیق کی کہ مخصوص نظاموں اور تعاون پر تبادلۂ خیال کے لیے عملی سطح کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے۔

اِس اجلاس کے آغاز میں ایمانوئل نے جاپان کی پیداواری صلاحیتوں اور بجٹ کے مطابق منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی صلاحیت کو سراہا۔ اُنہوں نے اس طرح کی مہارتوں کو اجتماعی قوّتِ مزاحمت کے لیے استعمال کرنے کی ضرورت کی نشاندہی کی۔