جاپان اور امریکہ کا دفاعی آلات کی مشترکہ ترقی اور پیداوار پر پہلا اجلاس

جاپان اور امریکہ کے دفاعی عہدیداروں نے دفاعی آلات کی مشترکہ ترقی اور پیداوار سے متعلق اپنا پہلا اجلاس منعقد کیا ہے۔

اُنہوں نے اتوار اور پیر کے روز ٹوکیو میں ملاقات کی۔ اِس اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں جاپان کی وزارتِ دفاع کے عملِ حصول، ٹیکنالوجی اور فوجی نظم و انصرام کی ایجنسی کے کمشنر فُوکاساوا ماساکی اور اُن کے امریکی ہم منصب، وزیرِ دفاع کے ماتحت سیکریٹری برائے حصولِ عمل اور پائیداری ولیم لاپلانٹے، شامل تھے۔

یہ ملاقات جاپان کے وزیرِ اعظم کِشیدا فُومیو اور امریکی صدر جو بائیڈن کے اپریل میں اس معاملے پر ایک فورم تشکیل دینے پر متفق ہونے کے بعد ہوئی ہے۔

عہدیداروں نے تصدیق کی کہ وہ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور دیگر ذرائع سے اپنے ممالک میں دفاعی صنعتوں کو مضبوط بنانے کے لیے تعاون کریں گے۔

اُنہوں نے PAC-3 انٹرسیپٹر میزائل نظام سمیت آلات کی مشترکہ پیداوار پر تبادلۂ خیال کے لیے چار عملی گروپس قائم کرنے پر اتفاق کیا۔ یہ گروپ جاپان میں امریکی فوج کے بحری جہازوں اور لڑاکا طیاروں کی دیکھ بھال کا کام کرنے کے طریقوں پر بھی غور کریں گے۔

پیر کے روز منعقدہ مذکورہ اجلاس میں 10 سے زیادہ جاپانی اور امریکی کمپنیوں نے شرکت کی۔ شُرکاء نے تصدیق کی کہ حکومت اور نجی شعبے اجلاسوں کا انعقاد کریں گے۔