اِشی کاوا میں اچھی فصل اور زلزلے سے بحالی کے لیے رسم کا انعقاد

جزیرہ نُما نوتو میں واقع اِشی کاوا پریفیکچر کے کھیتی باڑی کے ایک علاقے کے رہائشیوں اور رضاکاروں نے "مُشی-اوکُوری" نامی رسم میں حصہ لیا۔ اِس علاقے میں نئے سال کے پہلے دن زلزلہ آیا تھا۔

یہ رسم ہر سال چاول کی بوائی کے بعد چاول کے کھیتوں سے ضرر رساں کیڑوں کو مشعلوں کے ذریعے بھگانے کے لیے منعقد کی جاتی ہے۔

ہفتے کے روز تقریباً 80 افراد ناناؤ شہر کے ضلع اوماکی میں جمع ہوئے۔ اُنہوں نے بانس کی تقریباً ایک میٹر لمبی مشعلیں اُٹھا رکھی تھیں۔

وہ گھنٹیاں بجاتے اور ڈھول پیٹتے ہوئے آہستہ آہستہ چلتے ہوئے زلزلے سے تیزی کے ساتھ بحالی اور مقامی برادری کی تعمیرِنو کی دعائیں کر رہے تھے۔

زلزلے سے آبپاشی کی نہروں کو نقصان پہنچا ہے جو چاول کے کھیتوں کو پانی فراہم کرتی ہیں۔ اس ضلعے کے زیادہ تر کسان اس سال چاول نہیں لگا سکے۔

کسانوں نے اس تقریب کو منسوخ کرنے کے بارے میں سوچا تھا، لیکن اُنہوں نے اجتماعی جذبے کو جاری رکھنے کے لیے اِسے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔

تقریب کے انتظامی گروپ کے رہنماء اُراکامی ہِیرویُوکی نے کہا کہ وہ اُن بہت سے لوگوں کے مشکور ہیں جنہوں نے اس تقریب کو ممکن بنانے میں مدد کی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ مقامی برادری معمول کی زندگی اور علاقے کے خوبصورت مناظر واپس لانے کے لیے مل کر کام کرے گی۔