تجارتی مواقع کی تلاش میں جاپانی کمپنیوں کا دورہ یوکرین

جاپانی کمپنیوں کے نمائندے کاروباری مواقع کی تلاش کے لیے یوکرین کے دورے پر ہیں۔ فریقین کے لیے سود مند مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کے لیے انہوں نے یوکرینی کمپنیوں کے منتظمین سے ملاقاتیں کی ہیں۔

جمعرات کو دارالحکومت کِیف میں 10 جاپانی اور تقریباً 20 یوکرینی کمپنیوں کے نمائندوں کا اجتماع ہوا۔

جاپانی نمائندوں نے ٹیکنالوجی اور بیرون ملک اپنی عمدہ ساکھ کی تشہیرکی۔ یوکرین کے نمائندوں نے ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے والی کمپنیوں سے حاصل ہونے والے فوائد کے بارے میں سوالات کیے۔

جاپان کی ایک آئی ٹی کمپنی، ساگری، نے بتایا کہ وہ مصنوعی ذہانت اور سیٹلائٹ تصاویر کے ملاپ کے ذریعے کھاد کے استعمال کو کیسے بہتر بنا سکتی ہے۔

کمپنی کے منتظم اعلیٰ تسُوبوئی شُن سُوکے نے کہا کہ یوکرین میں لوگوں سے براہ راست بات چیت کرنا سود مند رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اگلی بار کچھ کھیتوں کا دورہ کرنا چاہیں گے۔

یوکرین کی ایک کمپنی کے نمائندے، دومیترو شیوتسوف نے کہا، ’’ہم شکر گزار ہیں کہ جاپانی کمپنیاں ہمارے ساتھ کام کر رہی ہیں، اور ہمارے اور اپنے کاروبار کو ایک ساتھ بڑھانے میں مدد کر رہی ہیں۔ وہ یوکرین کی بحالی میں مدد کر رہی ہیں اور ملک کی تعمیر نو کے لیے تیار ہیں‘‘۔