پیونگ یانگ مخالف مواد سرحد پار بھیجا گیا، جنوبی کوریا میں موجود منحرف گروپ کا اعلان

جنوبی کوریا میں موجود شمالی کوریائی منحرف افراد کے ایک گروپ کا کہنا ہے کہ اس نے پیونگ یانگ مخالف پروپیگنڈا مواد لے جانے والے غبارے سرحد پار بھیجے ہیں۔

گروپ کے مطابق جمعرات کے روز علی الصبح غیر فوجی زون کے قریب ایک مقام سے 10 غبارے چھوڑے گئے۔

گروپ نے بتایا ہے کہ غباروں میں شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن کے خلاف 2 لاکھ تنقیدی پرچے، جنوبی کوریائی موسیقی اور ڈراموں پر مشتمل یو ایس بی میموری اسٹکس کے ساتھ ساتھ ڈالرز کے نوٹ بھی روانہ کیے گئے ہیں۔

گروپ نے 10 مئی کو بھی اسی طرح کی اشیاء پر مشتمل غبارے روانہ کیے تھے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ اپنے شمالی کوریائی ہم وطنوں کو لیف لیٹس یعنی مطبوعہ مواد بھیجنا جاری رکھے گا۔ گروپ کے مطابق یہ سچائی اور آزادی کے مراسلے ہیں۔

شمالی کوریا نے یہ کہتے ہوئے کہ منحرف گروپ کی کارروائیوں کا جواب دیا جا رہا ہے، مئی کے آخر سے کوڑا کرکٹ بھرے غبارے جنوبی کوریا بھیجنے کا آغاز کیا تھا۔

شمالی کوریا نے اتوار کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ غباروں کی سرگرمی عارضی طور پر معطل کر رہا ہے۔ لیکن اُس نے متنبہ کیا تھا کہ اگر جنوبی کوریا سے مزید مواد بھیجا گیا تو وہ پروپیگنڈا پر مبنی مطبوعہ مواد کی مقدار سے 100 گنا زیادہ کوڑا کرکٹ بھجوا کر جواب دے گا۔