ٹویوٹا اور مزدا نے 5 ماڈلز کی پیداوار روک دی

سرکاری حکم کے تحت داخلی تحقیقات کے دوران بے قاعدگیاں پائے جانے پر جاپان کی 5 میں سے 2 گاڑی ساز کمپنیاں، جمعرات کے روز سے اپنے متاثرہ ماڈلز کی پیداوار روک رہی ہیں۔

ٹویوٹا، مزدا، یاماہا، ہونڈا اور سُوزُوکی کے بارے میں پیر کے روز یہ بات سامنے آئی تھی کہ انہوں نے اپنی گاڑیوں کے حکومتی سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کے لیے کارکردگی کے ٹیسٹوں میں ہیر پھیر کیا تھا۔

ترسیل معطل کرنے کے وزارت ٹرانسپورٹ کے حکمنامے کی روشنی میں مذکورہ کمپنیوں میں سے ٹویوٹا اور مزدا مجموعی طور پر اپنے پانچ ماڈلز کی پیداوار روک رہی ہیں۔

ٹویوٹا موٹر اپنے میاگی اور ایواتے پریفیکچرز کے کارخانوں میں یارِس کراس اور دو دیگر ماڈلز کی پیداوار 28 جون تک معطل کر رہی ہے۔

مزدا، ہیروشیما اور یاماگُوچی پریفیکچرز میں اپنی مزدا 2 اور ایک دوسری گاڑی کی پیداوار روک رہی ہے۔

پیداوار کی معطلی سے مقامی معیشتوں اور مذکورہ گاڑی ساز کمپنیوں کے کاروباری شراکت داروں پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں تشویش بڑھ رہی ہے۔

جن ماڈلز کی پیداوار معطل کی گئی ہے، مالی سال 2023 میں اُن میں سے ٹویوٹا کا کل پیداواری حجم ایک لاکھ 30 ہزار یونٹس اور مزدا کی گاڑیوں کی کل تعداد 15 ہزار تھی۔