یوکرین کی تعمیر نو کے فروغ کیلئے برلن میں اجلاس، جاپان میزبانی کرے گا

جاپانی حکومت اگلے ہفتے جرمنی میں یوکرین کے ساتھ ایک اجلاس کا اہتمام کر رہی ہے، جس میں سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کی شرکت ہوگی تاکہ اس جنگ زدہ ملک کی تعمیر نو پر بات چیت کو آگے بڑھایا جا سکے۔

توقع ہے کہ دونوں ممالک کی تقریباً 60 کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ یوکرین کے سرکاری حکام بشمول وزیر اعظم ڈینس شمیہال بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ اجلاس برلن میں یوکرین کی تعمیر نو پر تبادلہ خیال کیلئے منعقد کی جانے والی ایک بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر الگ سے منعقد ہوگا۔

توقع ہے کہ وہ یوکرین کے لئے جاپان کی اُس امداد پر پیش رفت کے بارے میں بتائیں گے جس پر فروری میں اتفاق کیا گیا تھا۔

توقع ہے کہ شرکاء، تعاون کے دس سے زائد نئے منصوبوں پر اتفاق کریں گے۔ ان منصوبوں میں زراعت، قابل تجدید توانائی، گھروں کی تعمیر اور دیگر شعبوں کا احاطہ کیا جائے گا۔

فروری میں ، ٹوکیو نے اقتصادی ترقی اور تعمیر نو کے فروغ کے لئے جاپان یوکرین کانفرنس کی میزبانی کی تھی۔ اس کانفرنس میں دونوں ممالک نے سماجی انفراسٹرکچر اور بارودی سرنگوں کو ہٹانے سمیت تعاون کے سات شعبوں کے بارے میں مشاوت کی تھی اور 50 سے زائد منصوبوں پر دستاویزات کا تبادلہ کیا تھا۔